بنگلورو،21/نومبر(ایس او نیوز) شہر کی سڑکوں کو پاک صاف رکھنے کے لئے بروہت بنگلور مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) کو تمام زونس میں افسروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ صبح 6بجے سے رات 9بجے تک روزانہ اپنے متعلقہ زون میں تمام سڑکوں کا معائنہ کریں - اس سلسلے میں بی بی ایم پی کمشنر انل کمار 18/نومبر کو سرکیولر جاری کیا ہے- سرکیولر میں بتایا گیا ہے کہ شہر کی خوبصورتی کو بنائے رکھنے اور شہریوں کی صحت بحال رکھنے کے لئے شہر میں کچرے کی نکاسی اور پاکی صفائی کے انتظامات مزید بہتر طریقے سے کرنے کی ضرورت ہے- اس لئے تمام زونل سطح کے افسروں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ روزانہ صبح سویرے 6بجے سے کام کرنا شروع کریں اور رات 9بجے تک جاری رکھیں - افسروں کی ذمہ داریاں طے کرتے ہوئے سرکیولر میں ہدایت دی گئی ہے کہ لازمی طور پر تمام سڑکوں کامعائنہ کریں -کچرا نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیں - سڑکوں پر پڑے تعمیری ملبہ اور دیگر اشیاء کی نکاسی کے لئے اقدامات کریں - سڑکوں پر گڑھے نظر آنے پر بند کرنے کے لئے اقدامات کریں - سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی مرمت اور پارکوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی افسروں کو دی گئی ہے- اس کے علاوہ افسروں کو مناسب طریقے سے جائیداد ٹیکس وصول کرنے اور شہری ترقیاتی کاموں کی نگرانی کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے- بی بی ایم پی کمشنر نے بتایا کہ بلدیہ میں نوکری دیگر محکموں میں نوکری کی طرح نہیں ہے- دیگر محکموں کے افسروں کی طرح بلدیہ افسر مقررہ وقت کے پابند نہیں ہوسکتے ہیں - انہیں دفتر کے اوقات کے علاوہ دیگر اوقات میں بھی کام کرنا پڑے گا- انہوں نے کہا بیشتر افسر دفتر کے اوقات ختم ہونے کے بعد گھر چلے جاتے ہیں - افسروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ دفتر کے اوقات ختم ہونے کے بعد بھی کام سے فارغ نہ ہوں رات 9بجے تک معائنہ اور ٹیکس وصولی کے کام جاری رکھیں -